گلوکار ابرار الحق نے بالی وڈ اداکاروں کو گانا گفٹ کرنے کی مشروط پیشکش کردی۔
دھرما پروڈکشن نے حال ہی میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر فلم، جگ جگ جیو کا ٹریلر ریلیز کیا جس میں ابرارالحق کا 2002 میں ریلیز ہونے والا مشہور گانا نچ پنجابن چوری کیا گیا ہے۔
ابرارالحق نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ’میں نے اپنا گانا ’نچ پنجابن‘ کسی بھارتی فلم کو نہیں بیچا اور اس کے ہرجانے کے دعوے کے لیے میں عدالت جانے کا حق رکھتا ہوں’۔
تاہم اب سوشل میڈیا پر ابرار الحق کی ایک ویڈیو شیئر کی جارہی ہے جس میں انہوں نے اپنی فلم کا گانا کاپی کیے جانے سے متعلق بات کی۔
ابرار الحق نے کہا کہ بالی وڈ شخصیات اربوں روپے کا سرمایہ لگاکر موویز بناتے ہیں لیکن ان کے پاس اپنا کونٹینٹ نہیں ہوتا، ان کے پاس کوئی کریٹیوٹی نہیں ہوتی، مجھے بھی لوگوں نے بتایا کہ میراگانا بالی وڈ نے چوری کیا ہے۔
ابرار الحق نے شرط رکھتے ہوئے کہا کہ ’ بالی وڈ کے تمام اداکاروں سے نعرہ لگوائیں کہ کشمیر کو آزاد ہونا چاہیے، وہاں پر لوگوں سے کیا جانے والا ظلم و ستم بند ہونا چاہیے تو میں ان کو گانا گفٹ بھی کردوں گا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک تو انہوں نے اتنا برا گانا بنایا میں ایسے نہیں بنانا چاہتا تھا لیکن چونکہ انہوں نے میرے گانے سے اربوں روپے کمانے ہیں تو کیوں نہ میں اس پیسے کو سہارا ٹرسٹ میں دوں جس کے لیے میں امریکا ،بھارت اور پاکستان تینوں جگہ وکیلوں سے مشورے کررہاہوں۔