لیجنڈری بھارتی گلوکار بھوپندر سنگھ آج ممبئی میں چل بسے، وہ آنتوں کی بیماری میں مبتلا تھے، ان کی عمر 82 برس تھی۔
اپنی غزلوں کی وجہ سے شہرت رکھنے والے گلوکار کی بیوہ میتالی نے بتایا کہ بھوپندر کی آخری رسومات منگل کو ادا کی جائیں گی۔
ڈاکٹروں کے مطابق انہیں آنتوں کی بیماری تھی اور وہ کورونا وائرس میں بھی مبتلا ہوگئے تھے، جس کی وجہ سے پیر کو ان کی حالت کافی خراب ہوئی جس کے بعد وہ شام کو چل بسے۔
انہیں فلم موسم، ستے پہ ستا، آہستہ آہستہ، دوریاں، حقیقت سمیت کئی اور فلموں میں گائے گئے یادگار نغموں کی وجہ سے یاد رکھا جائے گا۔
ان کے گائے ہوئے مشہور گانوں میں نام گم جائے گا، ایک اکیلا اس شہر میں، اس قدر بھی نہ اترا کے چلیے، کسی نظر کو تیرا انتظار آج بھی ہے وغیرہ شامل ہیں۔