بیٹے نادِ علی کو زندگی میں لانے والی بلقیس ایدھی کا شکریہ: حدیقہ کیانی

eAwazفن فنکار

نامور گلوکارہ و اب اداکاری کی دنیا میں نام بنانے والی حدیقہ کیانی نے سماجی کارکن بلقیس ایدھی کی وفات پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر دل سوز پیغامات جاری کیے جس میں اداکارہ نے بتایا کہ مجھے ’نادِ علی‘ دینے والی بلقیس ایدھی جیسا کوئی نہیں ہوگا اور وہ اُن کی ہمیشہ شُکر گزار رہیں گی ۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ بلقیس ایک عظیم خاتون تھیں جنہوں نے دنیا کا بوجھ اپنے کاندھوں پر اٹھایا اور لوگوں کی مدد کا وسیلہ بنیں۔

حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ وہ اس دنیا کو بہتر جگہ بنانے کے لیے کوشش میں تھیں،  یقیناً اللہ کے حضور انہیں ضرورت مند لوگوں کے سائبان کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ’اللہ تعالیٰ نے بلقیس ایدھی کو میرے بیٹے ناد علی تک پہنچنے کا ذریعہ بنایا۔‘

اداکارہ نے کہا کہ بلقیس ایدھی جیسی عظیم خاتون نے ماں ہونے کے نا طے مجھ پر بھروسہ کیا ، میں اس مہربانی پر ہمیشہ مسز ایدھی کی شکر گزار رہوں گی۔

حدیقہ کیانی نے مزید لکھا کہ میں بلقیس ایدھی کے بلند درجات کے لیے دعاگو ہوں۔

یاد رہے کہ پاکستان کے نامور فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کی شریک سربراہ بلقیس ایدھی 74 سال کی عمر میں کراچی کے نجی اسپتال میں دوران علاج چل بسیں، جہاں وہ ایک ماہ سے زیر علاج تھیں۔