ترکیہ اور پاکستان کے اشتراک سے بنایا جانے والا تاریخی ڈرامہ ‘صلاح الدین ایوبی’ کا ٹریلر جاری

eAwazفن فنکار

ترکیہ اور پاکستان کے نجی پروڈکشن ہاؤسز کے اشتراک سے بنایا جانے والا تاریخی ڈرامہ ‘صلاح الدین ایوبی’ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا لیکن حیران کن طور پر اس میں کسی پاکستانی اداکار کی جھلک نہیں دکھائی گئی۔

یہ ٹریلر ترکیہ کے چینل ٹی آر ٹی کے انسٹاگرام پیج پر شیئر کیا گیا ہے جس میں صلاح الدین ایوبی کا مرکزی کردار نبھانے والے اداکار اغور غنيش (Uğur Güneş) کو صلیبیوں سے جنگ کرتے دکھایا گیا۔

ٹریلر میں بیت المقدس (یروشلم) اور اس پر مسلط ہونے والی جنگوں سے متعلق کرداروں کو بات کرتے دکھایا گیا ہے، اس مختصر دورانیے کے ٹریلر میں تمام ترک اداکار ہی ہیں۔

اس سے قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ صلاح الدین ایوبی میں ترکیہ اور پاکستان کے اداکار مشترکہ طور پر ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

خیال رہے کہ اگست 2021 میں اعلان کیا گیا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے پروڈکشن ہاؤسز مشترکہ طور پر یہ ڈرامہ بنائیں گے جس میں ترک اداکاروں سمیت پاکستانی اداکار شامل ہوں گے۔

جنوری 2022 میں خبر سامنے آئی کہ ڈرامہ سیریل سلطان صلاح الدین ایوبی کی کاسٹ کے لیے لاہور میں 6 ہزار افراد نے آڈیشنز دیے جن میں سے چند اداکاروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔

اگست 2022 میں پروڈیوسرز کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے ترکیہ میں سیٹ تیار ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ایوبی سلطنت کے بانی سلطان صلاح الدین نے صلیبیوں کو شکست دی تھی اور 1187 میں 9 دہائیوں بعد مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کو دوبارہ آزاد کرایا تھا۔