استنبول: شہرہ آفاق ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں ترگت الپ کا اہم کردار ادا کرنے والے ترک اداکار جینگیز جوشقون نے اپنے پاکستانی مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔جینگیز جوشقون نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے دورۂ پاکستان کی چند یادگار تصاویر شیئر کی ہیں۔
انہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئےلکھا کہ ’وہ پاکستانیوں کی جانب سے ملنے والی گرم جوش، قیمتی، اور متاثر کن محبت اور تعریف کے لیے ان کا شکریہ ادا کرناچاہتے ہیں‘۔نہوں نے مزید لکھا کہ ’وہ ہر اس لمحے کے لیے شکر گزار ہیں جو انہوں نے پاکستان میں گزارا اور ہر اس شخص کے بھی جس سے وہ اس سفر میں ملے ۔
انہوں نے لکھا کہ’انہیں پاکستان میں اپنے گھر جیسا محسوس کروانے کے لیے آپ سب کا شکریہ، پاکستان آنا ان کے لیے خوشی کی بات تھی‘ ۔انہوں نے دوبارہ پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’امید ہے آپ سے جلد دوبارہ ملاقات ہوگی‘۔خیال رہے کہ ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے دو اہم کردار ترگت الپ اور بامسی الپ کچھ روز قبل پاکستان آئے تھے۔
دونوں ترک اداکاروں کی پاکستان آمد پر ان کا پاکستان میں شاندار استقبال کیا گیا جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہیں۔واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سیریز ’ارطغرل غازی‘ پاکستان ٹیلی ویژن پر اردو ڈب کے ساتھ نشر کی جارہی ہے۔اس وقت اس مشہورِ زمانہ ترک سیریز کا پانچواں سیزن پاکستان ٹیلی ویژن سے نشر کیا جارہا ہے۔