اکستانی ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ڈرامے ’جانگلوس‘ سے شہرت حاصل کرنے والے سینیئر اداکار تنویر جمال موذی مرض کینسر سے زندگی کی جنگ ہار گئے۔
جاپان میں پاکستانی اداکاروں کی تنظیم کے رہنما عقیل عراقی نے اپنی پوسٹ اور ویڈیو بیان میں تصدیق کی کہ تنویر جمال 13 جولائی کو جاپانی وقت کے مطابق سہ پہر کو خالق حقیقی سے جا ملے۔
عقیل عراقی کے علاوہ اداکار قیصر نظامانی نے بھی تنویر جمال کے ہمراہ یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی۔
صحافی مہوش اعجاز نے بھی اپنی ٹوئٹ میں تنویر جمال کے انتقال کی تصدیق کی جب کہ دیگر مداحوں اور ڈراما شائقین نے بھی سینیئر اداکار کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعائیں کیں۔
تنویر جمال میں ابتدائی طور پر 2016 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم بعد ازاں وہ کینسر سے صحت یاب ہوگئے تھے۔
مگر رواں برس مئی میں ان میں دوبارہ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد وہ علاج کے لیے جاپان منتقل ہوگئے تھے۔
تنویر جمال میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور گزشتہ برس جون کے وسط میں جاپان کے ہسپتال میں ان کے شدید علیل ہونے کی ویڈیوز بھی سامنے آئی تھیں، جن میں انہیں انتہائی کمزور حالت میں دیکھا جا سکتا تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا تھا تنویر جمال کو سانس لینے میں شدید دشواری ہو رہی ہے، جس وجہ سے انہوں نے چہرے پر گیس ماسک بھی لے رکھا ہے اور وہ ویل چیئر پر بیٹھے دکھائی دیے تھے۔
تنویر جمال میں اسٹیج فور کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ جاپان منتقل ہونے سے قبل پاکستان میں بھی بیماری کا علاج کرواتے رہے تھے۔