جنوبی کوریا کے مقبول بینڈ ایسٹروکے گلوکار مردہ حالت میں کمرے میں پائےگئے

eAwazفن فنکار

جنوبی کوریا کے مقبول بینڈ ایسٹرو کے رکن 25 سالہ مون بن 19 اپریل کو اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے جس کی تصدیق ایسٹرو کی میوزک لیبل کمپنی فنتاگیو نے کی ہے۔

فنتاگیو کی جانب سے جمعرات کو ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مون بن کے حوالے سے بیان جاری کیا گیا اور گلوکار کی اچانک موت پر غم کا اظہار کیا گیا، البتہ کمپنی نے فی الحال موت کی وجہ نہیں بتائی۔

جنوبی کورین نیوز ایجنسی یونہاپ نے پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مون بن بدھ کی شب دارالحکومت سول میں اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، جن کی لاش سب سے پہلے ان کے منیجر نے دیکھی۔

منیجر کی جانب سے مسلسل فون کالز کرنے کے بعد جواب موصول نہ ہونے پر مون بن کے گھر پہنچے تو پتہ چلا کہ گلوکار چل بسے ہیں، تاہم اب ان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جارہا ہے جس کے بعد موت کی اصل وجہ معلوم ہوسکے گی۔

کے پاپ گلوکار کی اچانک موت کے سبب دنیا بھر میں موجود ان کے مداح غم سے نڈھال ہیں جب کہ ٹوئٹر پر مون بن کا نام ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہے۔

2016 میں مون بن’ایسٹرو’ کا حصہ بنے تھے جس کے کُل ارکان کی تعداد چھ تھی، انہوں نے ‘اسپرنگ اپ ‘ البم سے ڈیبیو کیا تھا۔

مون بن کی پیدائش 26 جنوری 1998 کو جنوبی کوریا میں ہوئی تھی، جو گلوکاری، اداکاری، رقص اور ماڈلنگ کے شعبے سے وابستہ رہے۔