افریقی ملک سینیگال میں پیدا ہونے والے 22 سالہ کابی لامے ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ مقبول صارف بن گئے ہیں۔
انہوں نے امریکا سے تعلق رکھنے والی ٹک ٹاک اسٹار چارلی ڈی امیلیو کو پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
کابی لامے کے فالوورز کی تعداد 14 کروڑ 27 لاکھ سے زیادہ ہے جبکہ چارلی ڈی امیلیو کو 14 کروڑ 23 لاکھ سے زائد افراد فالو کررہے ہیں۔
کابی لامے اس وقت اٹلی میں مقیم ہیں اور ان کو مقبولیت ٹک ٹاک کے ڈوئٹ اور اسٹیچ فیچرز کے استعمال پر ملی تھی جن میں وہ بغیر کچھ بولے مختلف ٹوٹکوں پر عجیب ردعمل ظاہر کرتے تھے۔
ان کی مقبولیت کا آغاز 2021 میں ہوا تھا اور حالیہ ہفتوں میں مداحوں نے انہیں ٹک ٹاک کا سب سے مقبول صارف بنانے کی کوششیں شروع کی تھیں۔
2020 میں کورونا وائرس کی وبا کے ابتدائی روز میں اٹلی میں فیکٹری ورکر کے طور پر اپنی ملازمت کھونے کے بعد کابی لامے نے سوشل میڈیا پر ویڈیوز پوسٹ کرنا شروع کر دیں۔
یہ دن انہوں نے اٹلی کے شہر چیواسو میں اپنے والدین کے گھر رہ کر نوکریوں کی تلاش میں گزارے، ایک دن انہوں نے اپنے موبائل پر ٹک ٹاک ڈاؤن لوڈ کی اور خابی لامے کے نام سے اکاؤنٹ بناکر اپنی ویڈیوز پوسٹ کرنا شروع کردیں۔
اب وہ ٹک ٹاک پر سائیلنٹ کامیڈی پوسٹس کرتے ہیں جن کو لاکھوں افراد دیکھتے اور پسند کرتے ہیں۔
کابی لامے کا چارلی ڈی امیلیو کو پیچھے چھوڑنا اہمیت رکھتا ہے کیونکہ چارلی اور ان کی بہن نے ٹک ٹاک کے ذریعے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی اور گزشتہ سال 2 کروڑ 75 لاکھ ڈالرز کمائے