پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف سینیئر اداکارہ ثمینہ احمد نے تمام خواتین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنی زندگی اپنے ہاتھ میں لیں اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔
گزشتہ دنوں شوبز انڈسٹری کی معروف سینیئر فنکاروں کی جوڑی اداکارہ ثمینہ احمد اور اداکار منظر نے نجی یوٹیوب پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی اور شادی شدہ زندگی میں پیار، محبت، مطابقت و برابری کی اہمیت کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
اس انٹرویو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سینیئر اداکارہ نے نوجوانوں خاص طور سے خواتین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنے خوابوں کو کبھی ضائع نہ ہونے دیں۔ اپنے شوق اور خوابوں کو پورا کرنے کے لیے کبھی بھی وقت کا انتظار مت کیجئے بلکہ انہیں فوراً پورا کرلیجئے ورنہ زندگی میں پچھتاوے رہ جاتے ہیں۔
ثمینہ احمد کے مطابق اپنے خوابوں کو کبھی ادھورا نہ چھوڑیں خاص طور پر لڑکیاں، یہ بہت ضروری ہے کہ اپنے خوابوں کو پورا کیا جائے، جس پر ان کی حمایت ان کے شوہر نے بھی کی اور کہا کہ ’واقعی‘۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اپنے لیے کوئی خواب یا خواہشات رکھتے ہیں تو ان خوابوں کو پورا کرنے کی پوری کوشش کریں۔ ہاں، بہت سی رکاوٹیں آ سکتی ہیں، آپ کئی بار ناکام ہو سکتے ہیں اور ممکن ہے کہ لوگ آپ کی حوصلہ شکنی بھی کریں، آپ کو نیچے کھینچنے کی کوشش بھی کریں گے، لیکن تمام تر حالات اور رکاوٹوں کے باوجود، اگر آپ اپنے خوابوں کو پورا کر سکتے ہیں، تو اس سے بہتر اور کوئی چیز نہیں ہے۔
ثمینہ احمد نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی زندگی کو اپنے ہاتھ میں، اپنے اختیار میں لینے کی بات ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف فنکار جوڑی کی پہلی ملاقات ایک ڈرامے کے سیٹ پر ہوئی تھی بعدازاں لاک ڈاؤن کے دوران 4 اپریل 2020 کو دونوں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔