بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی زندگی پر لکھی گئی پہلی کتاب سامنے آ گئی۔
دلیپ کمار کو اپنی اہلیہ سائرہ بانو اور مداحوں سے بچھڑے ہوئے 1 برس بیت گیا ہے، وہ طویل علالت کے بعد 7 جولائی 2021ء کو ممبئی میں انتقال کر گئے تھے۔
لیجنڈری اداکار کی پہلی برسی کے موقع پر اُن کے منیجر فیصل فاروقی نے اُن کی زندگی پر لکھی گئی پہلی کتاب لانچ کی ہے جس کا عنوان ’اِن دی شیڈو آف آ لیجنڈ دلیپ کمار‘ ہے۔
فیصل فاروقی نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا ہے کہ ’دلیپ کمار صاحب کی پہلی برسی پر لیجنڈ کے پیچھے چُھپے آدمی کو تلاش کریں‘۔
اُنہوں نے کہا کہ ’اس کتاب میں دلیپ کمار اور میری ذاتی گفتگو کے ساتھ ساتھ، وہ باتیں بھی ہیں جو اُنہوں نے میرے ساتھ شیئر کی تھیں‘۔
فیصل فاروقی نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’میں نے اس کتاب کو ایک مصنف کے طور پر نہیں بلکہ ایک بیٹے کی حیثیت سے لکھا ہے‘۔
واضح رہے کہ دلیپ کمار نے سوگواران میں اہلیہ سائرہ بانو کو چھوڑا تھا، دلیپ کمار کے انتقال کے بعد ان کی بیوہ سائرہ بانو بیمار رہنے لگی تھیں۔
شوہر کے انتقال کے کچھ ماہ میں ہی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، تاہم اس وقت وہ بہتر ہیں اور گھر پر موجود ہیں۔