فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی اور حمیمہ ملک کی مرکزی کاسٹ پر مبنی ایکشن فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ریلیز کے پہلے ہی ہفتے 50 کروڑ روپے کمانے والی اب تک کی پہلی پاکستانی فلم بن گئی۔
پاکستانی تایخ میں آج تک کسی فلم نے ریلیز کے پہلے دن 50 کروڑ روپے نہیں کمائے اور نہ ہی آج تک کسی اور فلم کو بیک وقت دنیا کے 25 ممالک کی 500 اسکرینز پر نمائش کے لیے پیش کیا جا چکا ہے۔
تاہم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے کئی ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے پاکستان سمیت دنیا بھر سے 50 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرلی۔
فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت اور فلم کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر شیئر کی گئی اسٹوری میں بتایا گیا کہ فلم نے 18 اکتوبر تک دنیا بھر سے 23 لاکھ امریکی ڈالر اور پاکستانی 50 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرلی۔
پوسٹ میں بتایا گیا کہ فلم نے بیرون ممالک میں سب سے زیادہ کمائی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کی، جہاں فلم نے 5 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد کی کمائی کی۔
فلم نے مجموعی طور پر سب سے زیادہ کمائی پاکستان میں ہی کی، تاہم متحدہ عرب امارات کی کمائی مقامی انڈسٹری سے تھوڑی سی کم رہی۔
بیرون ممالک کی کمائی میں برطانیہ دوسرے اور امریکا تیسرے نمبر پر رہا جب کہ کینیڈا چوتھے اور آسٹریلیا پانچویں نمبر پر رہا اور مجموعی طور پر فلم نے پاکستان سمیت دنیا کے 25 ممالک سے صرف 5 دن میں 50 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی۔
یعنی ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے یومیہ دنیا بھر سے 10 کروڑ روپے کی کمائی کی جو کہ متعدد پاکستانی فلموں کی پوری زندگی کی کمائی کے برابر ہے۔
حالیہ چند سال میں اگرچہ پاکستانی فلموں کی کمائی میں اضافہ دیکھا گیا، تاہم اس باوجود کسی فلم نے ریلیز کے ابتدائی 5 دن میں 50 کروڑ روپے نہیں کمائے۔