رشی سونک کے برطانیہ کے وزیر اعظم بننے پر امیتابھ بچن کا ردعمل
بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن نےرشی سونک کے پہلے بھارتی نژاد برطانوی وزیر اعظم بننے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
امیتابھ بچن نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’جئے بھارت، بالآخر اب برطانیہ کے پاس بھارت سے بطور وزیراعظم ایک نیا وائسرائے موجود ہے‘۔
واضح رہے کہ پیر کے روز برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی کے رہنما رشی سونک، ٹوری قیادت کی دوڑ میں لِز ٹرس سے ہارنے کے دو ماہ سے بھی کم وقت میں برطانیہ کے پہلے بھارتی نژاد وزیرِ اعظم بن گئے ہیں۔
رشی سونک کی تقدیر میں تبدیلی لِز ٹرس کے مستعفی ہونے کے بعد اس وقت آئی جب منی بجٹ پر شدید تنقید کے بعد برطانوی کرنسی کی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی۔
لِز ٹرس کے صرف 45 دن بعد ہی عہدے سے استعفیٰ دینے پر مجبور ہونے کے بعد وہ سب سے کم مدت کے لیے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہنے والی پہلی برطانوی وزیر اعظم بن گئی ہیں۔