بالی ووڈ انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ سارہ علی خان کے بارے میں یہ قیاس آرائیاں ہورہی ہیں کہ وہ مشہور پاکستانی ڈیزائنر محسن نوید رانجھا کے ساتھ اشتراک کرنے والی ہیں۔
سارہ علی خان کی حال ہی میں محسن نوید رانجھا کے ساتھ لندن میں ہونے والی ملاقات کے دوران لی گئی تصاویر میڈیاکی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
ان تصاویر میں محسن نوید رانجھا نیلے رنگ کی ٹی شرٹ اور جینز جبکہ سارہ علی خان سفید رنگ کے ٹینک ٹاپ اور گلابی رنگ کی ٹریک پینٹ پہنے نظر آرہی ہیں۔
یہ تصاویر سامنے آتے ہی مداحوں نے دونوں معروف شخصیات کے درمیان مستقبل میں شراکت داری ہونے کے امکانات کے بارے میں سرگوشیاں کرنا شروع کردی ہیں۔
خیال رہے کہ محسن نوید رانجھا اپنے ملبوسات کے مشرقی ورثے سے جڑے روایتی ڈیزائن، پیچیدہ کاریگری اور بولڈ کلر پیلیٹ کے لیے مشہور ہیں اور اپنے منفرد خیالات اور زبردست مہارت کی وجہ سے اب تک انڈسٹری کے بہت سے بڑے ناموں کے ساتھ شراکت داری کرچکے ہیں، جن میں ماہرہ خان، سونیا حسین، مایا علی، اور عاطف اسلم جیسی مشہور شخصیات کے نام شامل ہیں۔
محسن نوید رانجھا کے کام کو عالمی سطح پر بھی مقبولیت حاصل ہے، کچھ عرصہ قبل معروف برطانوی ٹیلی ویژن میزبان اور فیشن ڈیزائنر ٹین فرانس نے برطانوی فیشن ایوارڈز میں ان کا ڈیزائن کیا ہوا سوٹ پہن کر پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
اس کے علاوہ مارول اسٹوڈیوز کی مشہور سیریز ’مس مارول‘ کے لیے بھی محسن نوید رانجھا کے ڈیزائن کیے ہوئےملبوسات کا انتخاب کیا گیا۔