لندن : کینسر کے علاج کے لیے بھارت سے لندن جانے والے بالی ووڈ پروڈیوسر وجے گالانی گزشتہ شب اچانک انتقال کر گئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وجے گالانی طبیعت کی مسلسل خرابی کے باعث علاج کی غرض سے لندن گئے تھے جہاں ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی۔
وجے گالانی ایک بہت کامیاب پروڈیوسر تھے جو بالی ووڈ کے بزنس ماڈل کے طور پر بھی جانے جاتے تھے۔وجے گالانی نے بالی ووڈ کے لیے کئی نامور فلمیں پروڈیوس کیں جس کے باعث ان کے بالی ووڈ ستاروں سے بھی قریبی تعلقات تھے۔ بطور پروڈیوسر وجے نے 1992ء میں سوریاونشی، 1998ء میں ’اچانک‘، 2001ء میں اجنبی جیسی مشہور فلمیں پروڈیوس کیں۔
وجے گالانی نے 2010ء میں سلمان خان کی فلم ’ویر‘ کو پروڈیوس کیا، ویر میں سلمان خان کے ساتھ متھن چکرورتی، جیکی شروف، زرین خان، سہیل خان نے بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔وجے کی پروڈکشن میں بننے والی آخری فلم ’دی پاور‘ تھی جس میں ودیوت جموال، شروتی ہاسن، ذاکر حسین، پرتیک ببر، سچن کھیڈیکر اور جسشو سینگپتا نے اداکاری کی۔