ممبئی: بالی ووڈ کے سلو میاں کے والد اور معروف اسکرپٹ رائٹر سلیم خان نے بگ بی کو کام چھوڑ کر ریٹائرمنٹ لینے کا مشورہ دیا ہے۔بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے گزشتہ روز 79 ویں سالگرہ منائی۔ اس موقع پر سلیم خان نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ بگ بی بہت کام کرچکے اب انہیں ریٹائرمنٹ لے کر گھر بیٹھنا چاہئے۔سلیم خان نے بھارتی خبررساں ادارے دینیک بھاسکر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا امیتابھ بچن کو اب ریٹائر ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں وہ سب حاصل کرلیا ہے جو انہیں کرنا چاہئے تھا۔
اب انہیں زندگی کے چند سال خود کو بھی دینے چاہئیں۔ امیتابھ بچن نے پیشہ ورانہ طور پر شاندار اننگز کھیلیں۔ انہوں نے بہت اچھا کام کیا لہذا اب انہیں اس دوڑ سے خود کو باہر کردینا چاہئے اور ریٹائر ہوجانا چاہئے۔سلیم خان کے خیال میں ایک شخص اپنی زندگی میں پڑھتا اور سیکھتا ہے پھر وہ اپنے خاندان کی ذمہ داری اٹھاتا ہے اس لیے زندگی کے کچھ سال اسے خود کے لیے بھی گزارنے چاہئیں۔سلیم خان نے کہا مثال کے طور پر میری دنیا اب محدود ہے۔ وہ تمام لوگ جن کے ساتھ میں چہل قدمی کرنے جاتا ہوں ان سب کا تعلق فلمی دنیا سے نہیں ہے۔سلیم خان نے مزید کہا امیتابھ بچن ہیرو تھے جنہوں نے اینگری ینگ مین کا کردار بخوبی نبھایا، وہ اب بھی ہیں۔
تاہم اب امیتابھ جیسے اداکار کے لیے کہانیاں نہیں ہیں۔ ہماری فلمیں تکینکی طور پر بہتر ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ موسیقی اور ایکشن میں بھی بہتری آئی ہے لیکن ہمارے پاس اچھے اسکرپٹس نہیں ہیں۔واضح رہے کہ سلیم خان اور بگ بی نے کئی سپر ہٹ پراجیکٹس میں ایک ساتھ کام کیا ہے جن میں ’’زنجیر‘‘، ’’شعلے‘‘، ’’ڈان‘‘،’’ترشول‘‘، ’’کالا پتھر‘‘ ،’’دوستانہ‘‘ سمیت کئی فلمیں شامل ہیں۔ امیتابھ بچن گزشتہ 5 دہائیوں سے بالی ووڈ پر راج کررہے ہیں۔ 79 سال کی عمر میں بھی بگ بی لوگوں کو فلموں اور گیم شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ جیسے پروگرامز سے تفریح فراہم کررہے ہیں۔