سوشل میڈیا فالوورز کی تعداد دیکھ کر ایوارڈ دینا صحیح نہیں: فیصل قریشی

eAwazفن فنکار

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی نے ایوارڈ شوز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا فالوورز کی تعداد دیکھ کر ایوارڈ دینا صحیح نہیں ہے۔

فیصل قریشی نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔

اُنہوں نے فنکاروں کو ایوارڈ دیے جانے کے طریقے کار کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ایوارڈز عوام کی مرضی اور پسند سے نہیں دیے جانے چاہئیں کیونکہ یہ صحیح طریقہ نہیں ہے کہ جس فنکار کے سوشل میڈیا پر فالوورز زیادہ ہوں اسے ایوارڈ دے دیا جائے۔

اداکار نے مزید کہا کہ ایوارڈ فیلڈ کے ماہرین کی رائے اور فیصلے کے مطابق دئیے جانے چاہئیں اور اس ایوارڈ ملنے کی پھر جو خوشی ہوگی وہ الگ ہی ہوگی۔

اُنہوں نے کہا کہ آج بھی مجھے کوئی سینئر فون کر کے کام کی تعریف کرے تو ایک ہفتے تک خوشی محسوس ہوتی ہے۔

فیصل قریشی نے پاکستانی ڈراموں کی بھارت میں مقبولیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ میری ایک مشہور بھارتی کوریوگرافر سے ملاقات ہوئی تو اُنہوں نے بتایا کہ ہم پاکستانی ڈراموں کے اتنے دیوانے ہیں کہ جب ڈرامہ سیریل ’میری ذات ذرہ بے نشاں‘ اور ’ہم سفر‘ بھارتی ٹیلیویژن پر نشر ہوتے تھےتو ہمارا علاقہ بالکل سُنسان ہوجاتا تھا کیونکہ سب لوگ کام چھوڑ کر یہ ڈرامے دیکھتے تھے۔