سوناکشی سنہا کا مکیش کھنہ کو ناگوار تبصرے پر کرارا جواب

eAwazفن فنکار

بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہا نے لیجنڈ اداکارہ مکیش کھنہ کی طرف سے اُن کی پرورش اور والد شتروگھن سنہا سے متعلق ناگوار تبصرے پر جواب دے دیا۔

بھارتی میڈیار پورٹس کے مطابق 37 سالہ اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر 66 سالہ مکیش کھنہ کو مخاطب کیا اور انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔

مکیش کھنہ نے 2019ء میں کون بنے گا کروڑ پتی 11 کا حصہ بننے اور اُس میں رامائن سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب نہ دے سکنے پر سوناکشی سنہا اور اُن کے والد پر تنقید کی تھی۔

سوناکشی سنہا نے ایک لمبے نوٹ میں لیجنڈ اداکار کو مخاطب کیا اور اُن سے احترام کے ساتھ گزارش کی کہ خبروں میں زندہ رہنے کےلیے اُس واقعے کو عوام میں اچھالنا بند کردیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اُس وقت سوال کا جواب نہیں سوجھ سکی، میرے ساتھ ہاٹ سیٹ پر ایک اور خاتون بھی تھی لیکن آپ نے صرف میرا انتخاب کیا جس کا یقینی طور پر کوئی مقصد ہوگا۔

اداکارہ نے لیجنڈ ایکٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے میرے والد پر بھی الزام لگایا، اگلی بار کسی کی اخلاقی اقدار پر گفتگو کرنے سے قبل ضرور سوچیے گا۔