پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ و ماڈل حنا آفریدی کا کہنا ہے کہ طلاق بیک وقت آزادی بھی ہے اور ناکامی بھی لیکن میں نہیں چاہتی کہ میں کبھی اس مرحلے سے گزروں۔
حال ہی میں اداکارہ حنا آفریدی نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی اور شادی، طلاق اور جیون ساتھی کی خوبیوں سمیت دیگر امور کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
دوران انٹرویو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اپنے ممکنہ جیون ساتھی کی خوبیوں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ شادی جب ہونی ہے ہے تب ہوگی لیکن میرے والدین کی پسند کی شادی ہے، اس لیے میں ارینج میرج سے زیادہ لو میرج کو ترجیح دیتی ہوں، یہ بہتر ہوتا ہے کہ شادی سے قبل دونوں ایک دوسرے کو جان لیں۔
انہوں نے کہا کہ شادی کے لیے پیسہ اہمیت نہیں رکھتا وہ تو ہم دونوں مل کر بھی کماسکتے ہیں لیکن میں چاہتی ہوں کہ جو میرا ہمسفر ہو وہ مجھے محبت اور عزت دے، مجھ پر اعتماد کرے اور میں بھی اس پر اعتماد کرسکوں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے طلاق کے حوالے سے کہا کہ طلاق کے حوالے سے میری ملی جلی رائے ہے، یہ ناکامی بھی ہوسکتی ہے اور یہ آزادی بھی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں طلاق کو ففٹی ففٹی کہوں گی، اگر کسی عورت نے اپنے ظالم شوہر سے طلاق لی تو یہ اس کے لیے آزادی ہے اور اگر کوئی اپنے شوہر کو صرف اپنی انا میں چھوڑ دیتی ہے تو یہ ناکامی ہوگی۔
حنا آفریدی نے مزید کہا کہ میں نے اپنے والدین کے درمیان بہت مثبت اور محبت بھرا رشتہ دیکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں اپنے مستقبل کے شریک حیات سے زیادہ توقعات ہیں، میں نہیں چاہتی کہ میں کبھی طلاق کے مرحلے سے گزروں۔