مختلف وجوہات کی بنا پر مسلسل تاخیر کا شکار اداکارہ عائشہ عمر اور احسن خان کی آنے والی فلم ’رہبرا‘ کا مختصر ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے رواں برس جون میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
جاری کیے گئے ٹیزر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں جہاں شائقین کو رومانس دیکھنے کو ملے گا، وہیں وہ ایکشن بھی دیکھ سکیں گے۔
’رہبرا‘ کی شوٹنگ 2016 میں شروع کی گئی تھی اور 2017 تک ٹیم نے اس کا 95 فیصد کام مکمل کرلیا تھا مگر مختلف وجوہات کی بنا پر فلم کی مزید شوٹنگ، ایڈیٹنگ اور نمائش پانچ سال تک موخر ہوتی رہی۔
سال 2020 میں خیال کیا جا رہا تھا کہ ’رہبرا‘ کو ریلیز کردیا گیا جائے، تاہم مارچ 2020 میں کورونا کی وبا آنے کے بعد فلم کی نمائش ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہوئی۔اب فلم کے مختصر ٹیزر کو جاری کرتے ہوئے اسے 24 جون کو پاکستان بھر کے سینماؤں میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔