صوفی گائیکی کی ملکہ کہلائی جانے والی مقبول گلوکارہ عابدہ پروین کا بھارتی موسیقاروں سلیم سلیمان کے ساتھ گایا گانا ’او میرے مولا‘ یوٹیوب پر مقبول ہوگیا۔
عابدہ پروین نے بھارتی موسیقار اور گلوکار بھائیوں کی جوڑی سلیم مرچنٹ اور سلیمان مرچنٹ کے ہمراہ صوفی انداز میں گانا گاکر نہ صرف پاکستانی بلکہ بھارتی مداحوں کے دل بھی جیتے اور صارفین نے ان کی تعریفیں کیں۔
’او میرے مولا‘ کو گزشتہ ہفتے 9 اپریل کو سلیم سلیمان کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا گیا تھا، جسے اب تک ڈھائی لاکھ بار تک دیکھا جا چکا ہے۔
گانے میں جہاں عابدہ پروین نے روایتی صوفیانہ گائیکی کا انداز اپنایا ہے، وہیں سلیم سلیمان نے بھی اپنے روایتی فوک انداز میں گلوکاری کرکے مداحوں کو رمضان المبارک اور ایک عید کا تحفہ دیا۔
’او میرے مولا‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں بولی وڈ اداکار پنکج ترپاتھی کو بھی دکھایا گیا ہے جو کہ دو بچوں کی پرورش کرنے والے تنہا والد ہوتے ہیں۔
ویڈیو میں پنکج تھرپاتھی کو بانسریاں فروخت کرکے گزر سفر کرنے والے شخص کے طور پر دکھایا گیا ہے جن کے دو کمسن بچے بھی بانسریاں فروخت کرکے ان کا ہاتھ بٹاتے دکھائی دیتے ہیں۔
نیوز سورس ڈان نیوز