بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کرکٹ کھیلنے کے بعد پیانو بجاتے ہوئے بھی دلچسپ کہانی سنانے کا تذکرہ چھیڑدیا۔
عامر خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ پیانو پر دھنیں بکھیر رہے ہیں، اس دوران انہوں نے 28 اپریل کو دلچسپ کہانی سنانے کا ذکر پھر چھیڑدیا۔
انہوں نے ویڈیو میں اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں کل 28 اپریل کو رات 9 بجے ایک ریڈیو اسٹیشن پر دلچسپ کہانی سنانے جارہا ہوں۔
عامر خان نے دوران گفتگو ریڈیو شو کے آر جے کا نام بھی بتایا اور کہا کہ میری دلچسپ کہانی اُس شو میں ضرور سنیے گا۔
ویڈیو کیا ہے کہانی کے ہیش ٹیگ کے ساتھ شیئر کی گئی، جس کا کیپشن تھا بس جانے کے لیے 24 گھنٹے سے کم وقت رہ گیا۔
ریڈیو اسٹیشن کے آر جے نے بھی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جو عامر خان سے ٹیلیفونک گفتگو پر مشتمل ہے، جس میں دونوں پراسرار کہانی سے متعلق بات کر رہے ہیں۔
آر جے فون کال میں عامر خان سے کہانی سنانے سے متعلق سوال کرتے ہیں، جس پر اداکار جواب دیتے ہیں یار بہت دلچسپ کہانی ہے، میں پکا سنانے آرہا ہوں۔
بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ مزید کہتے ہیں کہ مجھے لگتا ہے کہ کہانی سنانے کے لیے ریڈیو ایک بہترین پلیٹ فارم ہے، اس لیے میں آرہا ہوں، اس حوالے سے کوئی مزاق نہیں ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس ہفتے کے آغاز میں عامر خان نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں وہ بلڈنگ کی چھت پر اپنی فلم میکنگ ٹیم کے ساتھ کرکٹ کھیل رہے تھے۔
انہوں نے اس دوران پہلی بار کہا تھا کہ وہ 28 اپریل کو کہانی سنانے جارہے ہیں۔