بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘مداحوں کو زیادہ متاثر نہیں کرسکی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ نے باکس آفس پر پہلے دن تقریباً 11 سے 12 کروڑ روپے اکٹھے کیے، سنیما گھروں کی صورتِ حال دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ فلم مشکل سے صرف 10 کروڑ روپے کا بزنس ہی کر سکے گی لیکن شام کے شوز نے 12 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرنے میں بہت مدد کی۔
عالمی وباء کورونا وائرس کے بعد موجودہ حالات کے پیشِ نظر فلم سازوں نے امید ظاہر کی تھی کہ عامر خان کی یہ ریلیز کے پہلے دن باکس آفس پر 15 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلے گی۔
فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کو تعطیلات سے بھرے ہفتے میں ریلیز کیا گیا ہے اور اس لیے یہ ضروری ہے کہ پہلے دن ہونے والے نقصان سے نمٹنے کے لیے یہ فلم ناقابل شکست رجحان کی نشاندہی کرے۔
رپورٹ کے مطابق، جمعے کے روز فلم کے باکس آفس پر بزنس میں مزید کمی آنے کا امکان ہے جوکہ فلم کے لیے ناقابل برداشت ہے۔
لیکن اب فلم کی قسمت اس بات پر منحصر ہے کہ وہ رواں ہفتے کے اختتام اور بھارت کے یوم آزادی کی تعطیل بروز پیر کو باکس آفس پر کتنی اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوتی ہے۔