پاکستانی نژاد بھارتی گلوکار عدنان سمیع خان نے 2005 سے اب تک 150 کلو وزن کم کیا ہے۔
گلوکار گزشتہ ماہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مالدیپ میں چھٹیاں منانے گئے تھے۔ جہاں سے انہوں نے چند تصاویر مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیں جو وائرل ہوگئیں۔
ان کے مداحوں نے ان کی اس بڑی تبدیلی کو خوب سراہا اور جاننا چاہا کہ انہوں نے 150 کلو وزن کیسے کم کیا۔
اسی حوالے سے اداکار نے حالیہ انٹرویو میں مداحوں کے اس تجسس کو ختم کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ادویات کے استعمال کے بغیر کڑی محنت سے وزن کم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں مسلسل وزن میں اُتار چڑھاؤ کا سامنا رہتا ہے۔ انہیں فٹ رہنے کے لیے سخت جدوجہد کرنی پڑتی ہے اس کے ساتھ ہی ڈائیٹنگ کا بھی بہت خیال رکھنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل وزن کے مسائل کا شکار رہتے ہیں، پہلی بار 2007 سے 2008 کے درمیان وزن کم کیا تھا، اس کے بعد سے اب تک یہ زندگی کا حصہ بن گیا ہے۔
گزشتہ دنوں بھی وزن میں کمی لانے کے لیے ڈائٹنگ کا خاص خیال رکھنے کے ساتھ غذا کی مقدار کو بھی محدود کیا اور ورزش کو اپنی روٹین میں شامل کیا ہے۔
انہوں نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں بتایا کہ اکثر مداح ان سے ڈائٹنگ کے حوالے سے پوچھتے ہیں، انہیں میرا بس یہ ہی جواب ہوتا ہے کہ ’’میں کھانا کھاتا نہیں، صرف دیکھتا ہوں‘‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے علاوہ وہ اسکواش بھی کھیلتے ہیں جو سخت ورزش کے مترادف ہے۔