علی ظفر کا ورلڈ کپ 2023ء کیلئے ترانہ بنانے کا اعلان

eAwazفن فنکار

پاکستانی معروف گلوکار علی ظفر نے کرکٹ ورلڈ کپ کے شائقین کی پُر زور فرمائش پر نیا ترانہ بنانے کا اعلان کر دیا، اس کی دھن بھی ترتیب دے دی، اسے نام بھی دے دیا۔

خیال رہے کہ رواں سال ورلڈ کپ بھارت میں کھیلا جائے گا، جس کی مناسبت سے آئی سی سی نے اپنے یوٹیوب چینل پر ’دل جشن بولے‘ کے نام سے ترانہ ریلیز کیا ہے، اس میں بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ نے پرفارم کیا ہے۔

آئی سی سی کا یہ ترانہ شائقینِ کرکٹ کو متاثر نہ کر سکا اور انہوں نے گلوکار علی ظفر سے نئے ترانے کی فرمائش کر دی۔

علی ظفر نے بھی شائقین کی پُرزور فرمائش ہر ورلڈ کپ کا نیا ترانہ بنانے کی ہامی بھر لی اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر دو مختلف پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نیا ترانہ بنانے کے لیے تیار ہیں لیکن اس میں عوام کو ان کا ساتھ دینا ہو گا اور اسے ماسٹر پیس بنانے کے لیے اپنا حصہ ڈالنا ہو گا۔

بعد ازاں انہوں نے ایک اور پیغام اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ سے شیئر کیا اور بتایا کہ انہیں گانے کے نام سے متعلق آمد ہوئی ہے، ورلڈ کپ ترانے کا نام ہو گا ’مزہ آیا‘۔

مذکورہ پیغام میں انہوں نے اپنے دوست و پروڈیوسر علی مصطفیٰ سے ہونے والی گفگتو کا اسکرین شارٹ شیئر کیا اور انہیں ٹیگ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ساتھ کام کا آغاز کر دیا ہے، یہ پی ایس ایل کے گانے ’اب کھیل جمے گا‘ میں بھی میرے ساتھ تھے۔

گلوکار نے کہا ہے کہ اب مجھے اچھے گرافکس اور مناظر کی ضرورت ہے، اس میں شائقینِ کرکٹ اپنا حصہ ڈالتے ہوئے مختلف گرافکس اور مناظر مجھے بھیج سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے لیے آپ آر ٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کی مدد لے سکتے ہیں، بس شرط ہے کہ یہ تمام مناظر اور گرافکس جدید اور منفرد ہوں۔

علی ظفر کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے گانے کی دھن ترتیب دے دی ہے۔