عمران ہاشمی کے ساتھ فلم میں کام کرنے پر شرمندہ نہیں ہوں: حمائمہ ملک

eAwazفن فنکار

پاکستانی اداکارہ حمائمہ ملک کا کہنا ہے کہ انہیں بالی وڈ اداکار عمران ہاشمی کے ساتھ فلم ‘راجا نٹور لال’ میں کام کرنے پر کوئی شرمندگی نہیں ہے۔

حال ہی میں حمائمہ نے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنی آنی والی نئی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ سمیت بھارت میں کام کرنے سے متعلق بھی بات کی۔

اداکارہ نے کہا کہ ‘اس فلم میں ہو سکتا ہے کہ میرا کوئی رومانوی سین بھی ہو، میں ایک اداکار ہوں، ایک اداکار ایک کردار ادا کر رہا ہوتا ہے، اسے جو کہا جاتا ہے وہ بن جاتا ہے’۔

حمائمہ ملک کا کہنا تھا کہ ‘اس فلم میں ایسا کوئی رومانوی سین نہیں تھا جس پر میں شرمندہ ہوں، میں نے عمران ہاشمی کے ساتھ کام کیا میں اس پر بھی شرمندہ نہیں ہوں’۔

انہوں نے کہا کہ ’اس وقت مجھے اس بات کا علم نہیں تھا کہ میری پاکستانی عوام مجھ سے کس قسم کا کام چاہتی ہے اور اس فلم کے بعد میرے ساتھ کیسا رویہ اختیار کیا جائے گا، میں نے عمران ہاشمی کے ساتھ فلم کی، میں نے بہت انجوائے کیا، وہ ایک بہت اچھا انسان ہے’۔

حمائمہ نے انٹرویو میں مولا جٹ میں نبھائے جانے والے اپنے کردار سے متعلق بتایا کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں وہ مرکزی کردار نوری نتھ کی بہن کا کردار ادا کر رہی ہیں جس کا نام ’دارو نتھ‘ ہے۔