ممبئی: بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے کہا ہے کہ فلموں کا 100 کروڑ بزنس کرنا اب بڑی بات نہیں ہے۔
اداکار نے ممبئی میں پنجابی فلم ’موجاں ای موجاں‘ کے ٹریلر لانچ تقریب میں شرکت کی اور انڈسٹری کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سلمان خان کو جب پنجابی بلاک بسٹر فلم ’کیری آن جٹا3‘ پر تبصرہ کرنے کا کہا گیا جس نے پوری دنیا میں سو کروڑ سے زیادہ بزنس کیا تو انہوں نے کہا کہ اب کسی فلم کا اس سنگ میل کو عبور کرنا بڑی بات نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کل فلمیں چارسو اور پانچ سو کروڑ سے زیادہ کا بزنس کررہی ہیں اور یہ صرف پنجابی انڈسٹری میں نہیں ہورہا بلکہ مراٹھی فلمیں بھی بڑا بزنس دے رہی ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ لوگ اب تھیٹر جا کر فلم دیکھ رہے ہیں اس لئے اب کسی بھی فلم کا معیاری بزنس ایک ہزار کروڑ تک ہونا چاہئے۔
واضح رہے کہ دبنگ خان کی نئی فلم ’ٹائیگر3‘ رواں برس دیوالی کے موقع پر ریلیز ہوگی جس میں ان کے ساتھ کترینہ کیف اور عمران ہاشمی بھی شامل ہیں جبکہ کنگ خان اس میں خصوصی جلوہ دکھائیں گے۔