عمران خان کی سابقہ اہلیہ، برطانوی فلمساز جمائمہ گولڈ اسمتھ نے بھی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو پاکستان میں نمائش کی اجازت ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
جمائمہ گولڈ اسمتھ نے اپنی انسٹا اسٹوری پر اکیڈمی ایوارڈز کے لیے منتخب کردہ فلم ’جوائے لینڈ‘ کو پاکستان میں نمائش کی اجازت ملنے سے متعلق ایک خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے۔
اُنہوں نے یہ اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اپنی انسٹا اسٹوری پر پاکستانی ہدایتکار صائم صادق کو ٹیگ کرکے ان کی فلم کو پاکستان میں نمائش کی اجازت ملنے پر مبارکباد دی ہے۔
فلم’جوائے لینڈ‘ کی کہانی ایک نوجوان اور ٹرانس جینڈر کے گرد گھومتی ہے جو کہ ڈانس کلب میں ملازمت کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔
ہدایت کار صائم صادق کی اس فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں جبکہ فلم کا میوزک عبداللّٰہ صدیقی کی جانب سے پیش کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ تنازعات کا شکار فلم ’جوائے لینڈ‘ کو بین الاقوامی سطح پر شاندار پذیرائی اور کئی ایوارڈز ملنے کے بعد اب آخر کار کچھ حصّے حذف کرنے کے بعد پاکستان میں بھی نمائش کی اجازت دے دی گئی۔
سرمد کھوسٹ اور اپوروا چرن کی پروڈیوس کردہ اس فلم کو آج (18 نومبر کو) ریلیز کیا جائے گا۔