پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف ہدایت کار وجاہت رؤف نے دعویٰ کیا ہے کہ 70 فیصد سینما گھروں میں فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ دکھائی ہی نہیں جا رہی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ اپ ڈیٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’ 70 فیصد سینما گھروں میں فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ دکھائی ہی نہیں جا رہی، جو کہ انتہائی حیران کُن ، افسوس ناک اور ظالمانہ اقدام ہے۔
انہوں نے سیاستدانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید لکھا کہ حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے پر کیچڑ اچھال رہی ہیں اور انہیں آرٹس میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
اگر فوری طور پر ہمارے سینما گھروں کو باضابطہ طور پر ریگولیٹ نہ کیا گیا تو ہمارا سینما دوسری بار ختم ہو جائے گا۔ پھر کہتے ہیں ملک کا سافٹ امیج پرموٹ کرو‘۔
ہدایت کار وجاہت رؤف کی پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین بھی فلم کی اسکریننگ کے حوالے سے درپیش پریشانی کو بیان کر رہے ہیں اور چند سوشل میڈیا پیجز سے بھی نالاں دکھائی دے رہے ہیں جو فلم کے حوالے سے تبصرے کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔