اسلام آباد: پاکستانی سپر اسٹار اور رومانوی ہیرو فواد خان نے تصدیق کی ہے کہ وہ بھی جلد ریلیز ہونے والی امریکی ویب سیریز ’مس مارول‘ کا حصہ ہیں۔’مس مارول‘ ویب سیریز کی مرکزی کہانی ’کمالہ خان‘ نامی سپر ہیرو لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو کہ دراصل ایک پاکستانی نژاد لڑکی ہوتی ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی ویب سیریز کی کہانی نہ صرف پاکستانی بلکہ مسلم لڑکی کے گرد گھومے گی۔ خبریں تھیں فواد خان بھی مذکورہ ویب سیریز کا حصہ ہیں، تاہم اب اداکار نے بھی اس کی تصدیق کردی، تاہم اپنے کردار سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔
بھارتی شوبز ویب سائٹ ’فلم کمپینین‘ کو دیے گئے انٹرویو میں فواد خان نہ صرف امریکی ویب سیریز میں کام کرنے کے حوالے سے بات کی بلکہ انہوں نے بولی وڈ کیریئر پر بھی کھل کر بات کی۔ایک سوال کے جواب میں فواد خان نے اعتراف کیا کہ وہ بولی وڈ کو بہت یاد کرتے ہیں، کیوں کہ انہوں نے وہاں مختصر وقت میں اچھے دوست بنائے۔
فواد خان نے بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کو خوبصورت شہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں وہاں گزارا گیا وقت اور وہاں کے دوست بھی یاد آتے ہیں۔فواد خان نے جلد ہی بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ پر ریلیز ہونے والی اپنی ویب سیریز کے حوالے سے بھی بات کی اور انہوں نے کہا کہ وہ کئی سال بعد صنم سعید کے ساتھ اسکرین پر دکھائی دیں گے۔
انہوں نے عاصم عباسی کی ہدایت کاری میں بننے والی ’زی فائیو‘ کی ویب سیریز کی کہانی بھی نہیں بتائی، تاہم بتایا کہ اس کی زیادہ تر شوٹنگ مکمل کرلی گئی ہے۔انٹرویو کے دوران فواد خان نے مختصر طور پر یہ بھی بتایا کہ وہ پہلی مسلم لڑکی کے کردار پر بنائی جانے والی ویب سیریز ’مس مارول‘ کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔
دوران انٹرویو فواد خان نے کہا کہ اب وہ ’مس مارول‘ میں کام کرنے کی خبر سے انکار نہیں کر سکتے، کیوں کہ اب پروڈکشن ہاؤس نے بھی ان کی خبر چلادی۔انہوں نے تصدیق کہ وہ بھی ویب سیریز میں دکھائی دیں گے، تاہم انہوں نے اپنے کردار سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔