بھارتی اداکار عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ہالی ووڈ فلم فوریسٹ گمپ کے حقوق حاصل کرنے میں 8 سال لگ گئے تھے۔
ہالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ اس وقت آئندہ چند روز میں ریلیز ہونے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں جو ہالی ووڈ فلم ’فوریسٹ گمپ‘ کی کہانی پر ہی مبنی ہے۔
فلم کے حقوق حاصل کرنے سے متعلق عامر خان کا کہنا تھا کہ انہیں فلم کے حقوق حاصل کرنے میں 8 سال کا وقت لگا۔
اپنے ایک تازہ انٹرویو کے دوران عامر خان نے اس حوالے سے بتایا کہ انہوں نے فلم فوریسٹ گمپ کا ہندی ری میک بنانے کے لیے اس کے حقوق حاصل کرنے کی خاطر مختلف لوگوں سے ملاقاتیں کیں۔
عامر نے بتایا کہ اسی سلسلے میں انہوں نے ہدایتکار اسٹیون اسپیل برگ سے ملاقات کے لیے جرمنی کا دورہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اسپیل برگ سے بات کرنے کے لیے گئے تھے کیونکہ وہ چاہتے تھے کہ ہالی ووڈ ڈائریکٹر فورسٹ گمپ کے ڈائریکٹر سے فلم کے حقوق کو لے کر بات کریں کیونکہ وہ دونوں کافی اچھے دوست تھے۔
ساتھ میں عامر نے یہ بھی بتایا کہ یہ سلسلہ 2008 میں شروع ہوا تھا جس کی مزید تفصیلات میں وہ نہیں جانا چاہتے تاہم اتنا ضرور کہیں گے کہ فلم کے حقوق حاصل کرنے میں 8 سال کا وقت لگا تھا۔
خیال رہے کہ فلم لال سنگھ چڈھا 11 اگست کو ریلیز ہونے جارہی ہے جبکہ اس فلم میں عامر خان کے ساتھ کرینہ کپور خان بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گی۔