مہاراشٹر: بالی ووڈ کے مشہور پروڈکشن ڈیزائنر تیتن چندراکانت دیسائی کی اسٹوڈیو سے لاش برآمد ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے اسٹوڈیو سے لگان جیسی مشہور بالی ووڈ فلموں کے 58 سالہ آرٹ ڈائریکٹر اور پروڈکشن ڈیزائنر تیتن چندراکانت دیسائی کی لاش اسٹوڈیو میں لٹکی ہوئی پائی گئی۔
پولیس کے مطابق تیتن چندراکانت دیسائی کی موت کی وجہ جاننے کیلئے تفتیش کی جارہی ہے تاہم پولیس کو شبہ ہے کہ چندراکانت نے خودکشی کی ہے۔
یاد رہے کہ تیتن چندراکانت دیسائی نے 1987 میں بطور اسسٹنٹ آرٹ ڈائیریکٹر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد 1999 میں سلمان خان کی سپر ہٹ فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ سے انہوں نے بالی ووڈ فلموں میں بطور آرٹ ڈائریکٹر کام کیا۔
تیتن چندراکانت دیسائی کی کامیاب ترین فلموں میں ’لگان‘ ’سوادیس‘ ’جودھا اکبر‘ ’دیوداس‘ ’پریم رتن دھن پایو‘ اور ’ہم دل دے چکے صنم‘ شامل ہیں۔