مجھے اس عمر میں نماز اور حیا کی اہمیت سمجھ آئی ہے: انوشے اشرف

eAwazفن فنکار

پاکستانی معروف وی جے، ماڈل، میزبان اور اداکارہ انوشے اشرف کا کہنا ہے کہ اُنہیں اب اتنی عمر گزر جانے کے بعد زندگی میں نماز اور حیا کی اہمیت سمجھ میں آئی ہے۔

انوشے اشرف نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں دلچسپ گفتگو کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ جب میں چھوٹی تھی تو میری والدہ اور خالہ نماز کے حوالے سے ہمیشہ ہم بچوں کے ساتھ سختی کرتی تھیں اور اگر ہم نماز نہ پڑھتیں تو ہم سے کہا جاتا تھا کہ جو نماز نہیں پڑھے گا اسے کھانا نہیں ملے گا مگر ہم لوگ پھر بھی نماز پڑھنے سے بھاگتے تھے۔

اداکارہ نے بتایا کہ اب اتنی عمر گزر جانے اور پوری دنیا گھومنے کے بعد مجھے زندگی میں نماز و حیا کی اہمیت سمجھ میں آئی ہے اور میں نے بغیر کسی زور زبردستی کے، دل سے نماز پڑھنا شروع کر دی بلکہ میں عمرے پر بھی گئی ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ نماز کی پابندی یا کسی کو کس طرح کے کپڑے پہننے چاہئیں، اس بارے میں زبردستی نہیں کی جا سکتی۔

انوشے اشرف نے یہ بھی کہا کہ یہ سب انسان زندگی میں صرف تب ہی سمجھتا ہے جب اللّٰہ بندے کو ہدایت دیتا ہے، اس لیے ہمیں دوسروں کی سوچ اور ان کے انتخاب کا احترام کرنا چاہیے۔