نئی دہلی : بالی ووڈ کی ماضی کی سپر اسٹار مدھو بالا کی بڑی بہن کنیز بلسارا کو نیوزی لینڈ میں بہو کے گھر سے نکالے جانے کے واقعے پر ان کی بیٹی پرویز نے وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کو خط لکھ دیا۔ممبئی پہنچنے والی کنیز کی ایئر پورٹ پر حالت زار دیکھ کر بیٹی پرویز نے جیسنڈا آرڈرن کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا۔ 96 سالہ کنیز بلسارا 29 جنوری کو بغیر کسی مدد اور پیسوں کے آکلینڈ سے ممبئی پہنچی تھیں۔
جیسنڈا کو لکھے گئے خط میں پرویز نے نیوزی لینڈ میں والدہ کے ساتھ غیر انسانی رویے کی تفصیلات دیں۔انہوں نے خط لکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ سچ ہے کہ میں نے اس سلسلے میں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کو ایک خط لکھا ہے لیکن میں اس کی وضاحت نہیں کرنا چاہتی۔‘ پرویز کا بتانا تھا کہ ان کی والدہ 17 ، 18 سال قبل نیوزی لینڈ اپنے بیٹے اور بہو کے پاس رہنے گئی تھیں لیکن ان کی بہو کا رویہ ان کے ساتھ صحیح نہیں تھا۔
کنیز کی بیٹی پرویز نے ان کی والدہ کو گھر سے نکالنے والی بہو ثمینہ اور ایئرپورٹ انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ آخر کس طرح ایئر پورٹ انتظامیہ کوویڈ کے دنوں میں کسی بزرگ خاتون کو بغیر کسی کو ساتھ لائے فلائٹ میں بٹھانے پر رضامند ہوگئی۔پرویز کا بتانا تھا کہ انہوں نے جب اپنی بھابھی ثمینہ سے فون پر ان کی والدہ کے فنڈز کے متعلق سوال کیا تو اس نے لاعلمی کا اظہار کیا اور میری والدہ کے پیسے اور زیورات اپنے پاس ہی رکھ لیے۔
بالی ووڈ کی ماضی کی سپر اسٹار مدھوبالا کا اصل نام ممتاز جہاں بیگم دہلوی تھا، وہ گیارہ بہن بھائیوں میں پانچویں نمبر پر تھیں۔ سُپر ہٹ اداکارہ 1969 میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد 36 سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔