مشی خان کا نازیبا لیک ویڈیوز کے خلاف آواز اُٹھاتے ہوئے خواتین کو اہم مشورہ

eAwazفن فنکار

پاکستانی معروف ٹی وی اداکار اور میزبان مشی خان نے معروف شخصیات کی نازیبا لیک ویڈیوز کے خلاف آواز اُٹھاتے ہوئے خواتین کو اہم مشورہ دے دیا۔

انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر خواتین کے نام ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے اس سنگین مسلئے پر بات کی ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں انہیں یہ کہتے ہوئے دیکھا و سنا جا سکتا ہے کہ کچھ عرصے سے ملک میں عجیب سا ٹرینڈ چل پڑا ہے، کسی نہ کسی لڑکی، ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا اسٹار کی نامناسب ویڈیو لیک ہو جاتی ہے۔

اداکارہ و میزبان کے مطابق چند روز قبل ایک ٹک ٹاکر لڑکی کی نازیبا ویڈیوز وائرل ہوئی، اب پھر گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی ایک اور ٹک ٹاکر کی انتہائی ذاتی ویڈیوز لیک ہوئی ہیں جو کہ افسوس ناک ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکومتی اداروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو ملک میں ٹرینڈ چل پڑا ہے وہ غلط ہے، ایسی ویڈیوز وائرل ہونے کے خلاف پی ٹی اے، سائبر کرائم اور دیگر ادارے سخت ایکشن لیں۔

اداکارہ نے لڑکیوں، خواتین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ زمانہ بہت خراب ہے، وہ کسی بھی صورت کسی پر بھی بھروسہ نہ کریں، اگر ایسی فرمائشیں آپ کا شوہر بھی کر رہا ہے تو جذبات میں آ کر اس سے بھی اپنی ذاتی ویڈیوز اور تصاویر شیئر نہ کریں، کسی کو بھی خوش کرنے کے لیے ایسے اقدامات نہیں کرنے چاہئیں۔

مشی خان کے مطابق ایسی ویڈیوز اور تصاویر کے بعد لڑکے لڑکیوں کو بلیک میل کرتے ہیں اور لڑکیاں خودکشی کرنے پر مجبور ہو جاتی ہیں، اس لیے ایسا قدم نہ اٹھائیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں ٹک ٹاکر امشا رحمٰن کی نوجوان لڑکے کے ساتھ قابلِ اعتراض حالت ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں، جس کے بعد انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹز ڈی ایکٹو کر دیے تھے۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ ٹک ٹاکر مناہل ملک کی مختلف نازیبا ویڈیوز بھی وائرل ہوئی تھیں۔