پاکستان کی ایوارڈ یافتہ براڈکاسٹ جرنلسٹ ، میزبان اور معروف نیوز اینکر مشعل بخاری گزشتہ روز 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، آج نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نیوز اینکر مشعل بخاری گزشتہ 3 برسوں سے کینسر کے عارضے میں مبتلا تھی تاہم گزشتہ رات ان کا انتقال کینسر کے باعث ہوگیا۔
ان کی نماز جنازہ آج دوپہر 1 بجے جامعہ مسجد المنتظر لاہور میں ادا کی جائے گی۔
ان کے شوہر اینکر پرسن امیر عباس نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری اہلیہ، صحافی مشعل بخاری، خوبصورت دل، بے مثل شخصیت، کمال صبر دکھانے والی، ناقابل یقین حد تک بہادر خاتون، دو سال تک کینسر سے کمال بہادری سے لڑتے لڑتے ناقابل برداشت صدمہ چھوڑ گئی‘۔
وہ 08 جولائی 1984 کو کراچی، سندھ میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے اپنے صحافتی کیریئر کا آغاز نجی ٹی وی چینل سے بطور اینکر پرسن کیا۔ انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک میں بھی خدمات سرانجام دیں۔
مشعل بخاری کے انتقال کی خبر پر صحافیوں سمیت سوشل میڈیا صارفین بھی شدید افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔