میشا شفیع کی ویڈیو لنک پر جرح کی درخواست خارج کرنے کا فیصلہ جاری

eAwazفن فنکار

لاہور کی سیشن عدالت نے ہتک عزت کے دعویٰ میں گلوکارہ میشاء شفیع کی ویڈیو لنک جرح کی درخواست خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ کینیڈا میں پاکستانی ایمبیسی کے اوقات کار اور عدالتی اوقات کار میں فرق کی وجہ سے درخواست خارج کی جاتی ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج خان محمود نے گلوکارہ میشاء شفیع کی درخواست پر 2 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

عدالت نےقرار دیا کہ میشاء شفیع نے 9 سالہ بیٹی کے کورونا میں مبتلا ہونے کے سبب کینیڈا سے ویڈیو لنک پر جرح کی استدعا کی، کورونا قرنطینہ کا دورانیہ 14روز ہےجو میشاء کی درخواست دائر کرنے سے شمار کیا جائے تو وہ بھی مکمل ہو چکےہیں۔

اگر ویڈیو لنک پر جرح کا حکم دیا بھی جائے تو وہ پاکستانی سفارتخانے کے افسر کی موجودگی میں ہی ہو سکتی ہے۔

عدالت نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا میں10گھنٹے کا فرق ہے، ویڈیو لنک کی سہولت کی عدم دستیابی پر ایسی ہدایات نہ دینے کا ہائی کورٹ کا فیصلہ موجود ہے۔