بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ اور ایشیا کی امیر ترین شخصیت مکیش امبانی کی اکلوتی بیٹی ایشا امبانی نے رواں سال امریکا میں سجنے والے میٹ گالا 2024 کے ریڈ کارپٹ پرجلوے بکھیر دیئے، سوشل میڈیا پر ان کے لُک کے چرچے ہونے لگے۔
میٹ گالا کا انعقاد ہر سال مئی کے پہلے پیر کو امریکا کے شہر نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹس کاسٹیوم انسٹی ٹیوٹ میں ہوتا ہے، جس میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے معروف فلمی ستارے اور ماڈلز شرکت کرتے ہیں۔
رواں سال بھارت سے عالیہ بھٹ اور ایشا امبانی نے پھولوں سے مزین ملبوسات زیب تن کرکے شرکت کی۔ اس سال میٹ گالا 2024 کی تھیم ’گارڈن آف ٹائم‘ رکھی گئی ہے۔
بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ نے میٹ گالا 2024 میں معروف ڈیزائنر سبیاساچی کی تیار کردہ 9 گز کی ساڑی میں شرکت کی، جس پر ہاتھوں سے خوبصورت پھولوں کی کڑھائی کی گئی تھی۔ تاہم عالیہ کی ساڑھی کے 23 فٹ لمبے پلو نے سب کی توجہ سمیٹ لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس عالمی فیشن ایونٹ میں اداکارہ کی روایتی مگر دیدہ زیب ساڑھی کو تقریباً 163 کاریگروں نے 1965 گھنٹوں میں تیار کیا ہے۔
دوسری جانب بھارتی کاروباری شخصیت مکیش امبانی کی اکلوتی بیٹی ایشا امبانی فیشن ڈیزائنر راہول مشرا کے جوڑے میں جلوہ گر ہوئیں۔
ایشا امبانی نے رواں سال کی گارڈن آف ٹائم تھیم کی مناسبت سے راہول مشرا کی تیار کردہ ساڑھی گاؤن کا انتخاب کیا جس پر ہاتھوں سے کڑھائی کی گئی تھی۔
عالیہ بھٹ کی طرح ایشا امبانی کو بھی معروف بھارتی اسٹائلسٹ انیتا شراف اڈاجانیہ نے تیار کیا، انیتا شراف اڈاجانیہ کے مطابق ایشا امبانی کی اس خوبصورت ساڑھی گاؤن کو تیار کرنے میں 10 ہزار گھنٹے لگے، جس پر پھولوں، تتلیوں اور ڈریگن فلائیز کے باریک ڈیزائن کردہ ایپلِک ورک کیا گیا ہے۔
اسٹائلسٹ کے مطابق اس ایپلک ورک پر کی گئی کڑھائی کے لیے مختلف تکنیک استعمال کی گئیں ہیں جن میں فرشی، زردوزی، نقشی، دبکا اور فرانسیسی ٹانکا شامل ہیں۔