نواز الدین صدیقی اور اہلیہ نے بچوں کی خاطر ایک بار پھر صلح کر لی

eAwazفن فنکار

بالی وڈ کے معروف اداکار نوازالدین صدیقی اور ان کی اہلیہ عالیہ نے بیٹے یانی اور بیٹی شورا کی خاطر صلح کر لی۔

نواز الدین صدیقی اور عالیہ کی شادی کی 14 ویں سالگرہ پر عالیہ صدیقی کی بیٹی، بیٹے اور شوہر کے ہمراہ شیئر کی گئی تصویر کے بعد جوڑے کے درمیان صلح کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔

دبئی میں بچوں کے ساتھ مقیم عالیہ صدیقی نے اب بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران تصدیق کی ہے کہ انھوں نے بچوں کی خاطر نواز الدین صدیقی کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران عالیہ صدیقی نے کہا کہ بچوں اور شوہر کے ہمراہ شادی کی سالگرہ پر شیئر کی گئی تصویر اور پھر اس خوشخبری کو شیئر کرنا ان کیلئے خاصہ اہم ہے۔

عالیہ صدیقی نے میڈیا کو بتایا کہ حالیہ دنوں میں، میری زندگی میں کچھ چیزیں تبدیل ہوئیں، میں نے محسوس کیا کہ جب ہم دنیا کے ساتھ بری چیزیں شیئر کرتے ہیں تو ہمیں اچھی چیزوں کو بھی شیئر کرنا چاہیے، جو اچھا ہے اسے بھی دکھانا چاہیے، نواز بھی دبئی میں تھے لہٰذا ہم نے بچوں کیساتھ مل کر شادی کی سالگرہ منائی۔

عالیہ نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے رشتے میں ہمیشہ کسی تیسرے شخص کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا لیکن اب وہ غلط فہمی دور ہو گئی ہے اور ہم نے اپنے بچوں کے آگے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا اب زندگی میں الگ ہونے کا کوئی آپشن نہیں ہے کیونکہ بچے بڑے ہو رہے ہیں، نواز بیٹی شورا کے بہت قریب ہیں اور جو کچھ بھی ہوا اس کے بعد ہماری بیٹی بہت پریشان تھی، وہ یہ برداشت نہیں کرپا رہی تھی لہٰذا ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم مزیدنہیں لڑیں گے اور مل جل کر پرسکون زندگی گزاریں گے۔

واضح رہے کہ جوڑے نے دوسری مرتبہ علیحدگی کا اعلان کرنے کے بعد صلح کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل مئی 2020 میں بھی عالیہ صدیقی نے نوازالدین صدیقی کو بذریعہ واٹس ایپ اور ای میل طلاق کا نوٹس بھیجا تھا، جس میں انہوں نے الزام لگایا تھا کہ ہماری شادی شدہ زندگی تقریباً 10 سال سے مشکلات کا شکار ہے، عالیہ صدیقی نے نواز الدین کے بھائی شمس پر بھی تشدد کا الزام لگایا تھا تاہم اس کے تقریباً ایک سال بعد عالیہ نے طلاق کا نوٹس واپس لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے نواز الدین صدیقی سے صلح کا اعلان کیا تھا۔