گزشتہ برس ریلیز ہونے والی تھرلر ویب سیریز ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ نے ایشیائی سطح کا معتبر ترین عالمی ایوارڈ ’ایشین اکیڈمی کریئیٹو ایوارڈز‘ اپنے نام کرلیا۔
سنگاپور میں گزشتہ روز ایشین اکیڈمی کریئیٹو ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ویب سیریز نے ’بیسٹ انتھالوجی‘ ایوارڈ اپنے نام کیا۔
مذکورہ سیریز میں سات قاتل حسیناؤں نے اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں ثروت گیلانی، مہربانو، صنم سعید، ایمان سلیمان، فائزہ گیلانی، بیو رانا ظفر اور سامعہ ممتاز سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
ویب سیریز کی ہدایت کاری برطانوی نژاد بھارتی فلم ساز مینا گور نے کی ہے جو کہ اس کی شریک مصنفہ بھی ہیں جبکہ دوسرے رائٹر پاکستانی فلم ساز فرجاد نبی ہیں۔
ویب سیریز قاتل حسیناؤں کے نام نے بیسٹ انتھالوجی کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ثروت گیلانی نے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے جیت کا اعلان کیا اور کہا کہ ہم اس ایوارڈ کو پاکستان واپس لا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ ویب سیریز اس سے قبل اکنامک ٹائمز اسپاٹ ایوارڈز میں بھی ویب پر بہترین تھرلر شو ہونے کا ایوارڈ اپنے نام کرچکی ہیں۔
یاد رہے کہ ویب سیریز کی کاسٹ میں اداکار شہریار منور، احسن خان، عثمان مختار اور سلیم معراج بھی شامل تھے۔
’قاتل حسیناؤں کے نام‘ کو بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ پر 10 دسمبر 2021 کو ریلیز کیا گیا تھا، جس کی کہانی خواتین کے گرد گھومتی ہے اور شائقین کو اس میں محبت، انتقام، انقلاب اور دوسروں کی خدمت کرنے کی مختلف کہانیاں دکھائی گئی ہیں۔
ویب سیریز کو کہانی اور کرداروں کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی سراہا گیا تھا، تاہم پاکستان میں اس میں کرداروں کو بولڈ دکھائے جانے پر بھی بعض شائقین نالاں دکھائی دیے تھے۔
اگرچہ ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ کی تمام کاسٹ پاکستانی تھی، تاہم اس کی ہدایت بھارتی نژاد فلم ساز نے دی تھیں جب کہ اسے پروڈیوس بھی بھارتی نژاد پروڈیوسر نے کیا اور اسے ریلیز بھی وہیں کیا گیا تھا، اس لیے اسے بھارت کی جانب سے منتخب کرکے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
مذکورہ فلم ایوارڈ میں بھارت اور بنگلہ دیش سمیت متعدد ایشیائی ممالک حصہ لیتے ہیں، تاہم پاکستان اس ایوارڈ میں حصہ نہیں لیتا۔