بالی ووڈ کے معروف ڈانسر و اداکار ٹائیگر شروف نے فلم ’سنگھم اگین‘ میں اداکار وکی کوشل کی جگہ لے لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہدایت کار روہت شیٹی کی مشہور فلم سنگھم کے سیکوئل ’سنگھم اگین‘ میں ٹائیگر شروف پہلی بار اجے دیوگن سے ساتھ اسکرین شیئر کریں گے۔
ہدایت کار روہت شیٹی اداکار اجے دیوگن، اکشے کمار، رنویر سنگھ اور وکی کوشل کے ساتھ سنگھم اگین کی شوٹنگ رواں برس اکتوبر سے شروع کرنے کے خواہاں تھے۔
وکی کوشل نے فلم ’چھاوا‘ کی شوٹنگ کی مصروفیت کے باعث سنگھم اگین میں کام کرنے سے معذرت کر لی، جس کے بعد ان کی جگہ ٹائیگر شروف کو کاسٹ کیا گیا۔
اس سے قبل سنگھم اگین میں وکی کوشل کو مرکزی کردار باجی راؤ سنگھم (اجے دیوگن) کے چھوٹے بھائی کے کردار کی پیشکش کی گئی تھی جو ممکنہ طور پر اب ٹائیگر شروف ادا کریں گے۔
ٹائیگر شروف اس فلم میں پولیس آفیسر کا کردار نبھائیں گے جبکہ فلم میں ان کے ہمراہ سپر اسٹار دیپیکا پڈوکون بھی جلوہ گر ہوں گی۔
یاد رہے کہ سنگھم اگین فی الحال پری پروڈکشن کے مرحلے میں ہے اور اس کی تیاری رواں سال اگست میں شروع ہو گی، تاہم فلم کی کاسٹ کے حوالے سے جلد ہی آفیشلی اعلان کیا جائے گا۔
میڈیا کے ذرائع کے مطابق فلم میں اجے دیوگن، اکشے کمار، رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون پولیس آفیسر کا کردار ادا کریں گے۔