بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا اور ان کی اہلیہ نتاشا اسٹینکوویچ کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔
ہاردک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکوویچ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی علیحدگی کی تصدیق کی۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں ان دونوں کا کہنا تھا کہ چار سال ساتھ رہنے کے بعد ان دونوں نے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان میں ہاردک اور نتاشا نے مزید کہا گیا ان دونوں نے مل کر اپنے رشتے کو نبھانے کی پوری کوشش کی اور یہ کہ انہیں یقین ہے کہ علیحدگی کا فیصلہ ان دونوں کے بہترین مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کو دیکھتے ہوئے یہ ان کے لیے ایک مشکل فیصلہ تھا۔
اپنے بیان میں ہاردک اور نتاشا نے اپنے بیٹے آگستیا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی زندگیوں کا مرکز رہے گا اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہ اس کی خوشی کے لیے جو کچھ کرسکتے ہیں وہ کریں۔
اپنے بیان میں دونوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ اس مشکل اور نازک وقت میں ان کی پرائیویسی کا خیال رکھیں۔
گزشتہ روز بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ نتاشا اپنے بیٹے کے ساتھ آبائی ملک سربیا روانہ ہوگئی ہیں۔
خیال رہے کہ ہاردک پانڈیا اورسربیئن اداکارہ و ماڈل نتاشا اسٹینکوویچ مئی 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے تاہم رواں سال مئی میں اس وقت ان کی علیحدگی کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں جب نتاشا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نام کے ساتھ ’پانڈیا‘ ہٹا دیا تھا۔
آئی پی ایل 2024 کے میچز میں نتاشا کی عدم شرکت سے بھی دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہوں کو تقویت ملی تھی، ٹی20 ورلڈ کپ سے واپسی کے بعد پانڈیا بھی اپنی اہلیہ کے ساتھ نظر نہیں آئے تھے۔
اس دوران ہاردک پانڈیا اور ان کی اہلیہ نتاشا اسٹینکوویچ کی علیحدگی کی افواہوں پر ان کے ایک قریبی دوست کا بیان بھی سامنے آیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہاردک اور نتاشا کے دوست کا کہنا تھا کہ دونوں کے تعلقات میں خرابی کی وجہ ہاردک بنے تاہم نتاشا بھی تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے تیار دکھائی نہیں دیتیں۔