پاکستانی فلم ’ان فلیمز‘ آسکر ایوارڈز کی دوڑ میں شامل

eAwazفن فنکار

پاکستانی فلم ’ان فلیمز‘ آسکر ایوارڈز کی دوڑ میں شامل

پاکستانی فلمساز ضرار خان کی ہارر فلم ’اِن فلیمز‘ بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری کے لیے آسکر ایوارڈ کی دوڑز میں شامل ہوگئی ہے، فلم کا پریمیئر رواں سال مئی میں ’کانز فلم فیسٹیول‘ کے عالمی میلے میں ہوا تھا۔

یہ فلم انعم عباس نے پروڈیوس کی ہے جبکہ شانت جوشی، ٹوڈ براؤن اور میکسم کوٹری فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں جبکہ فلم کی کہانی ضرار خان نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی ہدایت کاری کے کام سرانجام دیے ہیں۔

پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے آسکر ایوارڈ کے لیے ان فلیمز کی نامزدگی جمع کروادی ہے۔

پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کے چیئرپرسن محمد علی کا کہنا تھا کہ ’چیئرمین کے طور پر یہ بہت فخرکی بات ہے کہ ہم نے ’ان فلیمز‘ کو 96ویں اکیڈمی ایوارڈز میں بین الاقوامی فیچر کیٹیگری کے لیے جمع کروادیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’فلم کو آسکر کے لیے منتخب کرنے کا فیصلہ پاکستانی سنیما کے لیے اہم قدم ہے، ’ان فلیمز‘ واضح مثال ہے کہ پاکستانی فلمیں بین الاقوامی سطح پر مقبولیت کے جھنڈے گاڑھ رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں بہت مشکور ہوں کہ پاکستان آسکر کمیٹی نے ہماری فلم کو تسلیم کیا ہے، فی الحام پاکستان میں فلم کی self-distributing ہم خود کر رہے ہیں کیونکہ اگرچہ مقامی سنسر بورڈ کی جانب سے منظوری مل گئی تھی لیکن لوکل ڈسٹری بیوٹرز کی جانب سے اسے متنازع سمجھا گیا۔‘

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ رواں سال ’ان فلیمز‘ نے عالمی سنیما گھروں میں خوب پذیرائی سمیٹی ہے جن میں کانز فلم فیسٹول، ٹی آئی ایف ایف، سٹجز، بوسان ٹو ریڈ سی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ سال سال پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی جیوری میں اداکار احمد علی اکبر، ہدایت کار بلال لاشاری، سماجی کارکن اور مصنفہ فاطمہ بھٹو، اداکار فواد خان، ایونٹ منیجر فریحہ الطاف، فلمساز حیا فاطمہ اقبال، فلمساز مدیحہ سید، ہدایت کار مہرین جبار، اداکار نادیہ افگن اور ہدایت کار صائم صادق شامل ہیں۔

’ان فلیمز‘ کی کہانی
’ان فلیمز‘ کی کہانی ماں اور بیٹی کے گرد گھومتی ہے جو گھر کے مرد سرپرست کی موت کے بعد زندگی کو آگے بڑھانے کے دوران مشکلات اور مسائل کا سامنا کرتی ہیں۔

فلم میں کوئی بھی گلیمر یا گانا موجود نہیں، اس کی کہانی انتہائی سادہ مگر آرٹ سے بھرپور رکھی گئی ہے جو دیکھنے والوں کو اپنے ساتھ جڑے رہنے پر مجبور کرتی ہے۔

فلم کی کہانی ضرار خان نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں، فلم کی مکمل شوٹنگ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوئی اور اس کی کاسٹ میں شامل زیادہ اداکار بھی سندھ سے تعلق رکھتے ہیں۔

فلم کی مرکزی اداکارہ بختاور مظہر پلیجو ہیں جو کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر اور سابق وزیر ثقافت سندھ سسی پلیجو کی بہن ہیں۔