پاکستان کی پہلی ہینڈ میڈ اینی میٹڈ فلم ’دی گلاس ورکر‘ انٹرنیشنل فیسٹیول میں منتخب

eAwazفن فنکار

پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر ایک اور بڑا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

پاکستان کی پہلی ہینڈ میڈ اینی میٹڈ فلم ’دی گلاس ورکر‘ کو باوقار اینیسی انٹرنیشنل فیسٹیول 2022 (Annecy International Festival) میں’ورک ان پروگریس‘ کی کیٹیگری میں منتخب کرلیا گیا ہے۔

مانو اینیمیشن اسٹوڈیوز کے بینر تلے بننے والی فلم ’دی گلاس ورکر‘ کو عثمان ریاض نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

عثمان ریاض نے اپنے سوشل میڈیا پر اس فلم کا ٹریلر بھی شیئر کیا ہے، جسے بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں پیش کیا جائے گا۔

غیبلی اسٹوڈیو سے متاثر ہوکر بنائی گئی اینی میٹڈ فلم کے اس سے قبل ریلیز کیے گئے ایک پرومو میں، ایک نوجوان ونسنٹ اور اس کے والد ٹامس کی اصل کہانی بیان کی گئی ہے، جوکہ ملک میں شیشے کی بہترین ورکشاپ چلاتے ہیں اور اپنی زندگی کو آنے والی جنگ میں مبتلا پاتے ہیں، جس میں خود بالکل بھی حصّہ نہیں لینا چاہتے۔

ایک فوجی کرنل اور اس کی نوجوان، باصلاحیت وائلنسٹ بیٹی، ایلیز کی  قصبے میں آمد ان دونوں باپ بیٹے کے رشتے کی حقیقت کو ہلا کر رکھ دیتی ہے اور باپ اور بیٹے کے رشتے کو سخت امتحان میں ڈال دیتی ہے۔

مانو اینیمیشن اسٹوڈیوز کی ویب سائٹ کے مطابق، یہ پروجیکٹ دراصل بہت سے باصلاحیت افراد کی محنت کا نتیجہ ہے۔

فلم ’دی گلاس ورکر‘کو بنانے میں نوجوان اور باصلاحیت فنکار شامل ہیں جن کی اوسط عمر 27 سال ہے اور اس فلم کی ٹیم کا 52 فیصد حصّہ خواتین پر مشتمل ہے۔

مانو اینیمیشن کا نیٹ ورک ملائیشیا، فلپائن، جاپان، پیرو، ارجنٹائن، امریکا اور برطانیہ تک پھیلا ہوا ہے۔

یہ فلم مکمل ہونے کے بعد اگلے سال 2023 میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

فیسٹیول کی یہ کیٹیگری مستقبل کے اسٹینڈ آؤٹ ایوارڈز اور باکس آفس کی کامیابیوں کے لیے راہ ہموار کرنے کا ایک ذریعہ ہے اور یہ کسی بھی فنکار کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

پاکستانی اینی میٹڈ فلم کا ملک میں اینی میشن کی محدود مارکیٹ ہونے کے باوجود بھی اس کیٹیگری میں منتخب ہونا اور اسے ایک بڑے پلیٹ فارم پر نمائش کے لیے پیش کیا جانا پوری قوم کے لیے فخریہ لمحہ ہے!

فیسٹیول کی اس کیٹیگری میں اس سے پہلے ’اسپائیڈر مین: انٹو دی اسپائیڈر۔ورث، کلاؤس اور ہاؤ ٹو ٹرین یور ڈریگن 2 کو منتخب کیا گیا جاچکا ہے۔