’پسوڑی‘ کا ری میک نہیں ’کاپی پیسٹ‘ ہے، بالی ووڈ ری میک کی خبر پر مداحوں کا ردعمل

eAwazفن فنکار

بالی ووڈ کے پروڈیوسر ساجد ندیاد والا نے اپنی نئی فلم ’ستیہ پریم کی کتھا‘ کے لئے کوک اسٹوڈیو پاکستان کے مقبول ترین گانے ’پسوڑی‘ کا ری میک بنانے کا اعلان کیا تو مداحوں نے انہیں گانے سے دور رہنے کی تنبیہ کردی۔

خیال رہے کہ ’پسوڑی‘ کا شمار سال 2022 کے مشہور پاکستانی گانوں میں ہوتا ہے، جس نے عالمی چاٹ پر مسلسل نمبر ون رہ کر کئی عالمی ریکارڈ قائم کئے۔

تاہم اب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کارتک آریان اور اداکارہ کیارا ایڈوانی کی آنے والی فلم کی ریلیز سے تقریباً ڈیڑھ ہفتہ قبل اعلان کیا گیا ہے کہ پاکستانی گلوکار علی سیٹھی اور شے گل کے ہٹ نمبر کا ری میک تیار کیا جائے گا، جس کی شوٹنگ کا آغاز گزشتہ روز ہوچکا ہے۔

تاہم اب یہ خبر سامنے آتے ہی مداحوں میں شدید غم و غصہ پایا گیا جس کا برملا اظہار وہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر کر رہے ہیں۔

یشتر ٹوئٹر صارفین کے مطابق بالی ووڈ میں اب تخلیقی صلاحیت نہیں رہی اس لئے وہ نقل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ کئی صارفین نے بالی ووڈ کو ’پسوڑی‘ اور کوک اسٹوڈیو سے دور رہنے کا کہہ دیا تو کسی نے کہا کہ اسے ری میک نہیں کاپی پیسٹ کہیں۔