پشپا اسٹار الو ارجن کی گرفتاری کو پبلسٹی اسٹنٹ قرار

eAwazفن فنکار

بھارت کے معروف فلم ساز رام گوپال ورما نے پشپا اسٹار الو ارجن کی گرفتاری کو پبلسٹی اسٹنٹ قرار دے دیا۔

بلاک بسٹر فلم پشپا کے ہیرو الو ارجن صرف اپنی فلم کی غیر معمولی کامیابی کی وجہ سے ہی خبروں میں نہیں بلکہ ان کی غیر متوقع گرفتاری، جیل میں رات گزارنے اور پھر فوری ضماعت کی خبریں بھارتی میڈیا میں گردش کررہی ہیں۔

الو ارجن کی گرفتاری اور فوری رہائی کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے بھارتی فلم ساز رام گوپال ورما نے الزام لگایا ہے کہ الو ارجن کی گرفتاری بھی ایک پبلسٹی ہے۔

فلم ساز نے خیال ظاہر کیا ہے کہ ہوسکتا ہے اداکار کی گرفتاری کا یہ واقعہ فلم کو باکس آفس پر مزید کامیاب بنانے کےلیے ترتیب دیا گیا ہو۔

رام گوپال ورما نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے پوسٹ کیا کہ ’’ہر شخص حیران ہوا کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر انوملا ریوانتھ ریڈی نے الو ارجن کے ساتھ ایسا کیوں کیا؟‘‘

انھوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’میرے خیال میں انہوں نے ایسا اس لیے کیا تاکہ فلم پشپا 2 کو مزید شہرت ملے اور وہ زیادہ بزنس کرسکے اور ریاست تلنگانہ کے فیورٹ بیٹے کو مزید بلندی ملے۔‘‘

رام گوپال ورما نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ ’’ریاستی حکام نے عدالت میں جان بوجھ کر کافی کمزور پروسیکیوشن اختیار کی، جس کے نتیجے میں الو ارجن کو چند گھنٹوں میں ضمانت مل گئی۔‘‘

ورما کا کہنا تھا ’’اس سے یہ واضح ہوگیا کہ ریاستی حکومت نے جان بوجھ کر ایسا کیا اور ان کا مقصد دراصل فلم کو میگا پاپولر کرنا تھا تاکہ یہ باکس آفس پر بھی طویل عرصے تک راج کرے۔‘‘

یاد رہے کہ حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں الو ارجن کی فلم پشپا 2 پریمیئر کے دوران بھگدڑ مچنے کے دوران خاتون کی ہلاکت کے بعد اہل خانہ کی شکایت پر درج مقدمے میں اداکار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔