اسلام آباد : پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ حمیمہ ملک نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ڈسکاؤنٹ کے چکر میں تُرکی کے تین مختلف اسپتالوں میں گئیں۔حمیمہ ملک نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا ذکر کیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ ’حال ہی میں وہ ’انٹرنیشنل پاکستان پریسٹیج ایوارڈز‘ کے لیے تُرکی گئیں تھیں جہاں اُن کی طبیعت ناساز ہوگئی تھی۔اُنہوں نے بتایا کہ ’اُنہیں اپنڈکس کا درد ہوا تھا جس کی وجہ سے فوری آپریشن کیا گیا تھا۔
حمیمہ ملک نے کہا کہ ’جب اُنہیں اپنڈکس کا درد ہوا تو اُنہیں اسپتال لے جایا گیا لیکن وہاں خرچہ بہت زیادہ آرہا تھا جس کے بعد اُنہیں دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا۔اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ’ڈسکاؤنٹ کے چکر میں اُنہیں تُرکی کے تین مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا کیونکہ تُرکی کے اسپتال بہت مہنگے ہیں۔
واضح رہے کہ حمیمہ ملک جوکہ ’انٹرنیشنل پاکستان پریسٹیج ایوارڈز ‘ میں شرکت کے لیے ترکی میں موجود تھیں، انہیں اچانک طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں ان کا اپنڈکس کا آپریشن کیا گیا تھا۔حمیمہ ملک نے اپنے آپریشن کی اطلاع سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر دی تھی جہاں اُنہوں نے دُعاؤں کی اپیل بھی کی تھی۔