پاکستانی میوزِک انڈسٹری کے معروف گلوکار ابرار الحق کا کہنا ہے کہ کرن جوہر نے نہ صرف اپنی فلم میں میرا گانا کاپی کیا بلکہ اسے برباد کردیا۔
ابرار الحق نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں بھارتی فلم میں اپنا گانا کاپی ہونے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ’اگر انہیں میرا گانا کاپی ہی کرنا تھا تو وہ مزید بہتر انداز میں کر سکتے تھے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ’انتہائی بدتمیزی کے ساتھ میرا گانا کاپی کیا گیا، نہ صرف کاپی کیا بلکہ اس کی دھن ہی خراب کردی۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ’ اور نچ پنجابن جیسے گانے پر ناگن ڈانس کرنے کا کیا مقصد تھا؟‘
گلوکار کا کہنا ہے کہ اس قسم کا پنجابی گانا، پنجابی ٹچ کے ساتھ، صرف ایک عام پنجابی ہی گا سکتا ہے اور واضح طور پر بالی ووڈ کے پاس یا تو ایسا کوئی گلوکار نہیں تھا یا پروڈکشن ٹیم نے ایسا گلوکار ڈھونڈنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔
ابرار الحق کا بھارتی فلم میں اپنا گانا کاپی ہونے پر قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ
اُنہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر افسوس ہے کہ اس گانے کو بالی ووڈ کے اتنے بڑے ستاروں پر فلمایا گیا، لیکن کوریوگرافی اور ڈائریکشن بہت ہی خراب تھی، یہ لوگ کم سے کم پنجابی ڈانس اسٹیپس تو اس گانے کے ڈانس میں شامل کر ہی سکتے تھے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ سلمان خان کو اس فلم کی پروموشن کے لیے گانے پر ڈانس کرنے کے لیے مجبور کیا گیا اور ان سے ایک بھی پنجابی ڈانس اسٹیپ کرنے کو نہیں کہا گیا۔
ابرار الحق نے کہا کہ میرے وکیل 1 بلین روپے کے جرمانے کے قانونی دعوے کے ساتھ پاکستان، برطانیہ اور بھارت میں قانونی کارروائی کر رہے ہیں، اگر آپ کے پاس کوئی بھی دستاویز ہیں تو سامنے لائیں، کیونکہ میں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ اس گانے کے کاپی رائٹس کسی کو فروخت نہیں کیے گئے ہیں۔‘
اُنہوں نے ایک سوال کے جواب میں تسلیم کیا کہ جب نچ پنجابن پہلی بار پاکستان میں ریلیز ہوا تو اس پر کافی تنقید ہوئی تھی، جس کی وجہ سے گانے کا نام نچ پنجابن سے تبدیل کرکے نچ مجاجن رکھ دیا گیا۔‘
اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ’اسی طرح میرے گانے (بلّو دے گھر) پر بھی تنقید ہوئی تھی۔‘
ابرار الحق نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان میں اس طرح کے مسائل آتے رہتے ہیں لیکن موجودہ مسئلہ یہ ہے کہ بالی ووڈ فلم میں میرا گانا بغیر اجازت کے کاپی کیا گیا ہے اور ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے، لیکن یہ یقیناً پہلی بار ہوگا کہ میں کسی بھی بھارتی فلم میں گانا کاپی ہونے پر عدالت میں جاؤں گا۔‘