کمسن فلسطینی یوٹیوبر ’عونی الدوس‘ بھی اسرائیلی جارحیت کا شکار

eAwazفن فنکار

آنکھوں میں شہرت کا خواب اور لبوں پر مسکان سجائے کمسن فلسطینی یوٹیوبر ’عونی الدوس‘ بھی اسرائیلی جارحیت کا شکار ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے ہزاروں فلسطینی بچوں میں 12 برس کا یوٹیوبر عونی الدوس بھی شامل ہے، جو مستقبل میں معروف شخص بننے کا خواب دیکھا کرتا تھا۔

میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عونی الدوس نے حالیہ کشیدگی سے کچھ عرصہ قبل گیمز پر مبنی اپنا یوٹیوب چینل بنایا تھا، جس پر اس نے اب تک صرف 11 ویڈیوز اپلوڈ کی تھی اور اس کے کُل سبسکرائبرز کی تعداد 266 ہزار ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ننھے عونی الدوس کا خواب تھا کہ اس کے چینلز کے فالوورز کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر جائے تاہم وہ اس سے قبل ہی اسرائیلی بربریت کا نشانہ بن گیا۔

واضح رہے کہ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتجیے میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 13 ہزار سے زائد زخمی ہیں جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔