بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت نے بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی رائے کی حقدار ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما کو جان سے مارنے کی دھمکیوں کی مذمت کی۔
کنگنا رناوت نے کہا کہ ’اگر آپ کو نوپور شرما کے تبصرے سے مسئلہ ہے تو قانونی راستہ اختیار کریں۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’نوپور اپنی رائے کی حقدار ہے، میں اُنہیں ہر طرح کی دھمکیوں کا نشانہ بنتا دیکھ رہی ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ افغانستان نہیں ہے، ہمارے پاس ایک مناسب کام کرنے والی حکومت ہے جس کا انتخاب جمہوریت کے نام سے کیا جاتا ہے، یہ ان لوگوں کے لیے صرف ایک یاد دہانی ہے جو بھول جاتے ہیں۔‘
کنگنا رناوت کا یہ بیان دہلی پولیس کی جانب سے نوپور شرما اور ان کے خاندان کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے چند گھنٹے بعد آیا۔
نوپور شرما نے انکشاف کیا تھا کہ مجھے دھمکیاں مل رہی ہیں اور میرے تبصروں پر مجھے ہراساں کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بی جے پی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پر اسلام اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمدﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ گفتگو کی تھی۔
بعد ازاں نوپور شرما کو 5 جون کو پیغمبرِ اسلام ﷺ کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز ریمارکس پر بی جے پی سے معطل کر دیا گیا تھا۔
گستاخانہ بیان پر بھارت اور بیرون ملک غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ عرب ممالک میں ’بائیکاٹ انڈیا‘ مہم بھی چل پڑی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مصر، سعودی عرب اور کویت میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم شروع ہوگئی ہے۔