ممبئی: معروف بھارتی اداکارہ گوہر خان نے ایک بار معصوم فلسطینیوں کے لیے آواز اُٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین 70 سال سے اپنی زندہ دلی کی قیمت چُکا رہا ہے۔
گوہر خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اسٹوری پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے کہا کہ “فلسطین میں مسلسل 19 دن سے اسرائیلی فوج کی بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں غزہ تباہ ہوگیا ہے جبکہ بچوں اور خواتین سمیت 5000 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں”۔
بھارتی اداکارہ نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ابھی تک دنیا کا کوئی سُپر پاور ملک اور اقوام متحدہ غزہ میں جنگ روکنے میں کامیاب نہپں ہوا اور نہ ہی کسی ملک نے اسرائیل کو فلسطین کی نسل کشی روکنے پر مجبور کیا ہے”۔
اُنہوں نے فلسطین کے لیے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ “یارب! معصوم جانوں، اُن کے گھروں، روزی روٹی پر رحم فرما، اُن پر جاری ظلم و ستم کو ختم کردے”۔
گوہر خان نے مزید کہا کہ “فلسطین گزشتہ 70 سےاپنی اُس زندہ دلی اور احسان کی قیمت چُکا رہا ہے جو اُنہوں نے اسرائیل پر کیا تھا”۔
اس سے قبل گوہر خان نے اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ گزشتہ کئی سالوں سے فلسطین پر جاری ظلم و ستم پر اندھی بننے والی دُنیا کی بینائی اب واپس آگئی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ پر مسلسل 24 گھنٹے سے جاری بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہوگئی ہے جس کے باعث غزہ اور مغربی کنارے میں میں 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 6546 تک پہنچ گئی ہے جس میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔